130

دونوں سوئی گیس کمپنیوں کے مستقل سربراہان تعینات روحی رئیس خان پہلی چیئر پرسن مقرر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوئی ناردرن اور سدرن گیس کمپنیوں کے مستقل سربراہان تعینات کردیے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق علی جاوید ہمدانی کو منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سوئی ناردرن گیس کمپنی جبکہ عمران مانیار کو ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی تعینات کردیا گیا یے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق  دونوں ایم ڈیز کی تعیناتی 3 سال کیلئے کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال روحی رئیس خان سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن منتخب ہوگئی تھیں۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اجلاس میں روحی رئیس خان کو سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن منتخب کرلیا تھا۔

3 جولائی کو منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات میں گیارہ ڈائریکٹرز منتخب ہوئے تھے۔ نومنتخب ڈائریکٹرز نے  اجلاس میں روحی رئیس خان کو تین سال کی مدت کے لیے چیئرپرسن منتخب کرلیا۔

روحی رئیس نومبر2019ء میں سیددلاور عباس کے انتقال کے بعد سوئی ناردرن گیس کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیرپرسن منتخب ہوئی تھیں۔ روحی رئیس خان کو سوئی ناردرن بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس سے پہلے وہ پکک اور لاہور اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی بھی پہلی خاتون ڈائریکٹر رہنے کے علاوہ چند مالیاتی اداروں کی پہلی خاتون سربراہ رہ چکی ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے ایم بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات اور ریاضی میں گریجویشن ڈگری کی حامل محترمہ روحی رئیس خان کو مختلف مالیاتی اداروں کے بورڈز میں ڈائریکٹرشپ کے علاوہ بحیثیت چیف ایگزیکٹو،چیف آپریٹنگ آفیسر،مختلف سینیئر انتظامی عہدوں پر پندرہ برس سے زائد عرصے کا تجربہ حاصل ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں