58

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کچرا اٹھانے کی ویڈیو نے عوام کے دل جیت لئے

شاکر شیخ 20 جولائی 2021

الشامی نیوز

اسلام آباد

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے جھیل سیف الملوک  پر پڑا کچرا اٹھا کر ذمہ دار شہری کی اعلیٰ مثال قائم کردی، سوشل میڈیا پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اس اقدام کو زبردست پزیرائی حاصل ہورہی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے وائرل ویڈیو سے متعلق اے آر وائی نیوز کے پروگرام “باخبر سویرا” میں خصوصی گفتگو کی، جس میں انہوں نے قوم کے نام فکر انگیز پیغام بھی دیا۔

مرزا محمد آفریدی نے بتایا کہ جب سیف الملوک جھیل پہنچا تو وہاں کچرے کا ڈھیر دیکھ کر شدید صدمہ ہوا، اسی کیفیت میں خود ہی کچرا اٹھانے لگا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جیسے آپ اپنے گھر کو صاف رکھتے ہیں، اپنے وطن کو بھی اسی طرح صاف رکھیں یہ وطن ہمارا ہے،خود وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ ہرا بھرا پاکستان۔

عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر سزاؤں سے متعلق سوال پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں ساتھ ہی یہ بھی کہوں گا کہ اسکول بچوں کو ہر ماہ کی بنیاد پر ان علاقوں میں سیر وتفریح کی غرض سے لایا جائے اور انہیں اس جگہ کی افادیت سے روشناس کرایا جائے

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مرزا آفریدی نے بتایا کہ گھر میں اپنے بچوں کو بھی صفائی رکھنے کی بہت تاکید کرتا ہوں، کھانے سے فراغت کے بعد بچوں سے کہتا ہوں کہ اپنے برتن خود اٹھا کر کچن میں رکھو، یہ ہماری پہلی تربیت ہے جو ہمیں لازمی اپنے بچوں کو دینی چاہیئے۔

آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ خدارا اپنے ملک کو صاف رکھیں اور سرسبز رکھیں، عمران خان میرا لیڈر ہے، میں اس کا ایک ادنیٰ سا کارکن ہوں، جھیل سیف الملوک سے متعلق جو میرا پیغام لوگوں تک پہنچا ہے، اس پر یہی کہوں گا کہ ہر شخص ذمے داری کا مظاہرہ کرے اور جہاں کچرا نظر آئے، اسے اٹھاکر ڈسٹ بن میں ڈالے تو اس کی شان وشوکت میں کوئی کمی نہ آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں