79

پاکستان میں پہلی بار کورونا سے 200 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں پہلی بار ایک روز میں وبا سے 200 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 292 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا جبکہ 201 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے گزشتہ روز مجموعی طور پر 49 ہزار 101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں نتائج مثبت آنے کی شرح 10.7 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 88 ہزار 207 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس نے 8 لاکھ 10 ہزار 231 افراد کو متاثر کیا ہے جن میں سے 17 ہزار 530 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 678 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 7 لاکھ 4 ہزار 494 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں 28 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 127 مریض جاں بحق ہوئے جو وبا کےآغاز سے اب تک سب سے زیادہ ہیں، جبکہ 2 ہزار 676 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔‎

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 96 ہزار 144 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 8 ہزار 224 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

وبا کی تیسری لہر میں پنجاب کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز مزید 935 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 45 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 596 ہے جبکہ 3 ہزار 201 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعد سندھ میں بھی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 84 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 356 ہو گئی ہے۔تحریر جاری ہے‎

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 19 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 624 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 142 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک مریض جاں بحق ہوا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار 945 اور اموات کی تعداد 233 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 327 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 74 ہزار 131 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 675 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض دم توڑ گئے۔

یہاں مجموعی طور پر 16 ہزار 779 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 468 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 8 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 280 ہے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ دو روز سے کسی مریض کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی اور یوں یہاں اموات کی تعداد 105 پر برقرار ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں کی بندش، کاروبار کے اوقات مختصر، دفاتر میں کم حاضری سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال بہتر نہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں