64

بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک 13 جون 2021

کوئٹہ: (الشامی نیوز) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، رات گئے آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوہلو کے نواحی علاقے سفید اور نساؤ میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں خاتوں اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو روانہ کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

اس کے علاوہ سینجاڑ، لاسے زائی، تمبو اور سفید کے علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کچے مکانات بھی گرے،فوری طور پر نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بالائی /وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث آزاد کشمیر، جہلم ، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بعض مقامات پر طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں