82

این سی او سی نے سخت ایس او پیز کے زیر سایہ عیدالفطر پر شہریوں کو 6 چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: (الشامی نیوز) نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر پر عوام کو 6 روز کی چھٹیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی شہری بروز پیر 10 مئی سے 15 مئی بروز ہفتہ تعطیلات گزار سکیں گے۔

یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

خیال رہے اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تمام سرکاری اور پرائیوٹ ملازمین کو پانچ تعطیلات دینے کا فیصلہ کیا تھا، اس بات کا اعلان وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے کیا گیا۔

این سی او سی نے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ 10 سے 16 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں۔ ادھر حکومت نے 8 مئی سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عید تعطیلات کے دوران بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

این سی او سی کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق عید کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات، پبلک پارکس، ہوٹلز بند رہیں گے۔ صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔

اعتکاف، شب قدر، نماز عید سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
 

این سی او سی کے مطابق عید کے لئے اضافی ٹرینیں سات مئی تک چلائی جائیں گی جبکہ شاپنگ مالز، تفریحی مقامات اور پبلک پارکس 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔ مہندی، جیولری، کپڑوں کے سٹالز پرپابندی ہو گی۔

یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یکم مئی سے ہوگا۔ این سی او سی کے مطابق عید کے دوران ‏زیادہ چھٹیوں کا مقصد ملکی سطح پر نقل حمل کو محدود کرنا ہے۔

انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔

نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیوں کو پچاس فیصد سواریوں کے ساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔

وبا کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کے پیش نظر 5 مئی سے 20 مئی تک بیرون ملک سے مسافر پروازیں بھی محدود کر دی گئی ہیں۔

اجلاس میں آکسیجن کی پیداوار اور سپلائی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ چھ ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور پانچ ہزار آکسیجن سلینڈرز درآمد کیے جائیں گے۔

اجلاس میں 20 سائیو جینک ٹینکس بھی امپورٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔ آکسیجن کی سپلائی موثر بنانے کے لیے مصری شاہ کی سکریپ انڈسٹری کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عید کی چھٹیوں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔ کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل سٹورز اور پٹرول پمپس کھلے رہیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں