71

آئی ایس پی آر کا مختصر دستاویزی فلمی مقابلے کا اعلان

کراچی : (الشامی نیوز) پاکستانی ثقافت و تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے مختصر دستاویزی فلمی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔

این اے ایس ایف ایف “نیشنل ایمیوچیو شارٹ فلم فیسٹیول” کے نام سے پلیٹ فارم کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کو اپنے فن کے ذریعے غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے مذکورہ فلم فیسٹیول کے ذریعے نوجوان فلم ساز 6 مختلف کیٹیگریز میں اپنی دستاویزی و فیچر فلمیں ایوارڈز کے لیے جمع کروا سکیں گے۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نامور اداکار اور این اے ایس ایف ایف کے برانڈ ایمبسیڈر ہمایوں سعید نے کہا کہ یہ نوجوان طلبہ و طالبات کیلئے بہت بڑا موقع ہے جس سے وہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتے ہیں اور اپنا پیغام دنیا بھر میں پہچا سکتے ہیں۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں ایک کیٹگری یہ بھی ہے کہ جن کے پاس وسائل نہیں وہ طلباء آپ اپنے موبائل فون سے بھی ویڈیو بنا سکتے ہیں، اگر اس کا کونٹنٹ اچھا ہوگا تو بھی انعام کا حقدار ہوگا۔

واضح رہے کہ نیشنل امیچوئر شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان فلم ساز پاکستان کے رنگ، وادی سندھ کی تہذیب، پاکستانی ثقافت، چھوٹی صنعتوں کا کاروبار میں کردار، پاکستان میں فلاحی کام اور زراعت کا ملکی ترقی میں کردار جیسے موضوعات پر بنی فلمیں جمع کروا سکیں گے۔

فیسٹیول میں شامل کیے گئے موضوع میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو یکم جنوری 2021ء سے قبل رجسٹریشن کروانی ہوگی جب کہ دستاویزی فلم کا پروجیکٹ جمع کرانے کی تاریخ 10 مارچ 2021ء ہے۔

یہاں یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ بہترین مختصر دستاویزی فلم بنانے والوں کو نہ صرف ایوارڈ دیا جائے گا بلکہ دنیا کے بہترین فلم ساز انسٹی ٹیوٹ کے لیے اسکالر شب بھی دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں