33

کورونا سے بہتر تحفظ: دو ویکسینز کے تجربات کا آغاز

کئی ممالک میں ایک ساتھ دو کورونا ویکسینز کی آزمائشیں یا تو شروع ہوچکی ہیں یا پھر شروع ہونے والی ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

میری لینڈ: امریکا کے قومی ادارہٴ صحت (این آئی ایچ) نے کورونا سے بہتر تحفظ کےلیے ایک کی جگہ دو ویکسینز لگانے کے طبّی تجربات شروع کردیئے ہیں۔

این آئی ایچ کی ایک حالیہ پریس ریلیز کے مطابق، دو کورونا ویکسینز کے استعمال کی طبّی آزمائشوں (کلینیکل ٹرائلز) میں 150 رضاکار رجسٹر کیے جائیں گے۔

ان میں سے نصف افراد وہ ہوں گے جو پہلے ہی امریکا کی تین منظور شدہ کورونا ویکسینز میں سے کسی بھی ایک کی مکمل خوراک لے چکے ہیں؛ جبکہ انہیں 18 سے 55 سال اور 55 سال سے زیادہ عمر والے دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

دوسری ویکسین لگوانے کے 12 سے 20 ہفتے میں ان تمام رضاکاروں کو موڈرنا ویکسین کی ایک اور خوراک لگائی جائے گی۔ آزمائش میں شریک باقی کے نصف افراد وہ ہوں گے جنہوں نے اب تک کورونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں لگوائی ہے۔

ان رضاکاروں کو بھی 18 سے 55 سال اور 55 سال سے زیادہ عمر والے دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، تاہم انہیں دو کورونا ویکسینز ایک ساتھ لگائی جائیں گی۔

بیماری سے بہتر تحفظ کےلیے دو ویکسینز ایک ساتھ ملانے کا تصور کوئی نیا نہیں بلکہ مختلف ویکسینز کے معاملے میں ایسا ہوتا رہا ہے۔ برطانیہ، اسپین اور روس سمیت کئی یورپی ممالک میں دو کورونا ویکسینز ایک ساتھ دینے کی طبّی آزمائشیں یا تو شروع ہوچکی ہیں یا پھر شروع ہونے والی ہیں۔

امریکا میں دو کورونا ویکسینز کی آزمائشیں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

این آئی ایچ کی پریس ریلیز سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکا میں ہونے والی ان طبّی آزمائشوں کے اوّلین نتائج آئندہ دو سے تین ماہ میں عوام کے سامنے پیش کردیئے جائیں گے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں