80

اسٹیٹ بنک سے متعلق پالیسی: عدالت میں چیلنج کرنے کااعلان، بلاول بھٹو زرداری

 

جیکب آباد:(الشامی نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے آرڈیننس کے ذریعے اسٹیٹ بینک کوخود مختار کرنے کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو جس معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ملک کو نہیں چلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے آج ملک میں تاریخی بیروزگاری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تین سالوں میں حکومت نے دو وزیر خزانہ تبدیل کیے مگر پالیسی ایک ہی ہے۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی فیصلے آرڈیننس کے ذریعے کرنا چاہتی ہے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی ادارے آئی ایم ایف کے حوالے کر رہی ہے جب کہ آرڈیننس کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو دوسروں کے حوالے کیا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک، آئی ایم ایف کی پالیسی پر چلے گا تو یہ خود مختاری پر حملہ ہوگا لہٰذا اسٹیٹ بینک سے متعلق آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کے خلاف نیب اور دوسرے اداروں کو استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیب کے ذریعے ہمارے نمائندوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ آصف زرداری نے کہا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

پی ڈی ایم کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تین سال پوری کوشش کی کہ ساری جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تمام معاملات زیر غور آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور جمہوریت کا فائدہ ہوتا اگر ہم جیت پر توجہ دیتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہیں چاہتے کسی وجہ سے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچے۔

وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کی بازگشت پر ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں تبدیلی اچھی بات ہے لیکن خان صاحب کی تبدیلی سمجھ نہیں آتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2018 میں جو دھاندلی شروع ہوئی تھی وہ آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں کوشش کی گئی کہ عوامی نمائندے منتخب نہ ہوں اور من پسند افراد منتخب ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اعجاز جاکھرانی جیکب آباد کے عوام کے لیے آخری حد تک جدوجہد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سونامی بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے خطے کے تمام ممالک سے ہم پیچھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں