122

سینیٹ نشست پر انتخاب کیلئے پبلک نوٹس جاری

کوئٹہ (الشامی نیوز) بلوچستان سے میرحاصل بزنجو کی وفات سے خالی ہونےوالی سینیٹ کی خالی جنرل نشست پر انتخاب کےحوالے سے پبلک نوٹس جاری کردیا گیا، پبلک نوٹس میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی طلب کِئے گئے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد رازق کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کی کاپی صوبائی اسمبلی کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے لئے سیکریٹری اسمبلی کو بھی ارسال کردی گئی جس میں اراکین اسمبلی کو انتخاب کےحوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

اراکین بلوچستان اسمبلی سینیٹ کی خالی جنرل نشست پر سینیٹ کا رکن منتخب کریں گے، پبلک نوٹس کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی 27 اور 28اگست کو جمع کرائےجاسکیں گے۔

نامزد امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 29اگست کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 31اگست مقررکی گئی ہے۔

اسی طرح کاغذات کی منظوری اور مستردکئےجانےکےخلاف اپیلیں دو ستمبرتک دائر کی جاسکتی ہیں تاہم امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 5 ستمبر کو جاری کی جائے گی اور امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 6 ستمبر تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ صوبائی اسمبلی کی عمارت میں 12ستمبر کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں