70

دھونس دھاندلی کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنےکی کوشش کرنےوالا غدار ہے، غدار وہ ہے جو اداروں کو متنازع بنائے ، مریم نواز

شیخوپورہ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والی فیکٹری جب ہارنے لگتی ہے تو دوسرے کو غدار بنادیتی ہے، غداری کے فتوے بانٹنے والوں پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں۔ 

شیخوپورہ میں جاوید لطیف کی رہائش گاہ کے باہر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف نے آئین و قانون اور حق کی بات کی تو غدار کہلائے، غداری کا یہ لقب جاوید لطیف کو نہیں بلکہ پورے شیخوپورہ کےعوام کو دیا گیا ہے۔ جاوید لطیف خطرہ مول لےکر حق و سچ بات پر ڈٹے رہے، انہوں نے قانون اور آئین کی بات کرکے حق ادا کردیا، جب کہ سچائی، بہادری اور آئین سے ڈرنے والے بیان سےغداری نکال لیتے ہیں، سب سے پہلےغداری کا لقب محترمہ فاطمہ جناح کوملا، نوازشریف اور مریم نواز بھی غدار کہلائے، جس نے حق کی بات کہ وہ غدارکہلایا تو پورا پاکستان غدار ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  نواز شریف پر کون سا الزام ہے جو ان پر نہیں لگایا گیا، لیکن نوازشریف لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں اور کونے کونے سے ان کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، غداری کے فتوے باٹنے والی فیکٹری جب الیکشن ہارنے لگتی ہے توغداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا شروع کر دیتی ہے، وقت بدل رہا ہے لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے، عوام جان گئی ہے کہ آئین کو ماننے والے اور نہ ماننے والے کون ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کو پتہ چلناچاہئےاس دھرتی کا اصل غدارکون ہیں،  کشمیریوں کا سودا کرنے والا غدار ہے، غدار وہ ہے جو نوازشریف کے گھر پر چڑھائی کرتاتھا، رمضان المبارک میں ایک کلوچینی کے لئے عوام کو لائن میں لگانے والا غدارہوتا ہے، بھارت میں بیٹھ کرفوج اور آئی ایس آئی کے خلاف بات کرنے پرعمران خان کو غدارکہتےہیں، عوام کے مینڈیٹ کو چوری کرنا والا غدار ہی کہلاتا ہے، نوازشریف سلیکٹڈ نہیں تھے بلکہ عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بنے تھے، کسی کے کندھوں پر اقتدار میں نہیں آئے تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب سچ بولنے والے ججز کو برداشت نہ کیا جائے تو جسٹس شوکت عزیز اور قاضی فائز کے خلاف ریفرنس بھجوا کرعدلیہ کو داغدار کرتے ہو، بغض نوازشریف اور بغض ن لیگ میں اداروں پرانگلی اٹھانے والے غدار ہیں، دھونس دھاندلی کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنےکی کوشش کرنےوالا غدار ہے، غدار وہ ہے جو اداروں کو متنازع بنائے اور کہے کہ سفارت خانے اچھا کام نہیں کررہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کے خلاف فیض آباد میں دھرنا ہوا تھا ہمیں یاد ہے، لیکن تحریک انصاف حکومت نے دھرنے والوں کو مسجد میں گھس کر نماز ادا کرتے ہوئے قتل کیا، اسرائیلی رشتے دارکی الیکشن مہم نے کس نے چلائی تھی عوام نہیں بھول سکتی، نالائق اور نا اہل کی وجہ سے عوام پر مہنگائی کی قیامت ٹوٹ چکی ہے، اس مشکل رات کی سحر ہونے والی ہے نوازشریف کا سورج ایک بار طلوع ہونے کو ہے، غداری کے فتوے بانٹنے والوں پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں، تمہارا یوم حساب قریب ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں