121

ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گےفول پروف سیکورٹی انتظامات

اسلام آباد:کراچی،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورلاہور سمیت ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے جن کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے،لاہور میں نویں محرم کا آغاز مجالس عزاداری کیساتھ شروع ہو گیا ہے۔ شہر کی قدیمی امام بارگاہ ڈاکٹر ریاض میں عزاداروں کی بڑی تعداد جمع ہے۔ جبکہ  شبیہہ ذوالجناح کا جلوس نکالا جائے گا۔جلوسوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔کراچی پولیس محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔09 محرم الحرام کے روز مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت مرکزی جلوس کی نگرانی اور سکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر پولیس کے 6368 افسران و جوان موجود ہیں۔کراچی پولیس کے 73 سینئر افسران سمیت 832 این جی اوز، 4000 ہیڈ کانسٹیبل ، 113 خواتین پولیس اہلکار، اسپیشل برانچ کے 65 اہلکار، اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے 100 کمانڈوز اور ریپڈ ریسپونس فورس کی 03 کمپنیز ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے 90 اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات کئے گئے ہیں۔کراچی پولیس کے سینئر افسران سمیت پولیس کے جوان اور خواتین پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری 09 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی پر مامور ہیں۔09 محرم الحرام کے جلوس کیلئے ترتیب دیئے گئے ٹریفک کے متبادل روٹس سمیت مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے 1095 ٹریفک پولیس کے افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو کسی بھی پریشانی سے محفوظ بنا کر ٹریفک کو رواں دواں رکھیں۔ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،آج کل 166 مجالس جبکہ 81 جلوس نکالے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار 465 پولیس افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔نویں محرام الحرام پر پشاور میں مختلف امام بارگاہوں سے 16 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہو نگے،نویں محرم الحرام کا پہلا مرکزی ماتمی جلو س امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر صبح 10 بجے سے برآمد ہو گا، جلوس روایتی راستوں صدر روڈ ، فخرعالم روڈ ، کالی باڑی ، چوک فوارہ سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا،دوسرا مرکزی ماتمی جلو س امام بارگاہ بی بی صاحبہ محلہ ذکری تحصیل سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا۔شب عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ سائیں زرین امامیہ کالونی گلبہار سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہو گا،جلوس علم امام بارگاہ بنی ہاشم علی کالونی سٹی ریلوے سٹیشن سے سہ پہر ساڑھے تین بجے برآمد ہو گا،جلوس علم امام بارگاہ پتھر والا محلہ ھودہ گنج سے رات 9 بجے برآمد ہو گا،جلوس علم امام بارگاہ حسین آباد محلہ گل بادشاہ جی جہانگیر پورہ سے رات ساڑھے 9 بجے برآمد ہو گا،جلوس علم امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار سے رات ساڑھے نو بجے برآمد ہو گا،جلو س علم امام بارگاہ آغا بہادر محلہ جٹاں یکہ توت سے رات 10 بجے برآمد ہو گا،جلوس علم امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ سے رات ساڑھے 10 بجے برآمد ہو گا،جلو س علم امام بارگاہ آغا سید مصطفی شاہ محلہ خداد اد سے رات 11 بجے برآمد ہو گا جبکہ جلوس علم امام بارگاہ سید حیدر شاہ کوچہ حیدر شاہ جہانگیر پورہ سے رات 12 بجے برآمد ہو گا۔

پشاورشہر کی 62 امام بارگاہوں میں سے 22 کو حساس قرار  دیا گیا ہے ،نویں و دسویں محرم کو موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی اور شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔شہر بھر میں سیکیورٹی کے لئے 10 ہزار 600 پولیس اہلکار تعینات ہیں،14 سو ایف سی اہلکار بھی سیکیورٹی کے فرائض کے لئے تعینات  ہیں جبکہ جلوسوں اور حساس امام بارگاہوں کی نگرانی کے لئے 100 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں