49

برطانوی حکومت کی مدد سے نواز شریف کو ہر صورت واپس لائیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: (الشامی نیوز) وفاقی حکومت نے نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے زیرو آور میں نواز شریف کو وطن واپس لانے پر بات چیت ہوئی اور مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ نواز شریف کو وطن واپس لانے کےلئے اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لانا ہے۔ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے بھاگے ہیں،نواز شریف کو وطن واپس آ کر عدالتوں کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا، اپوزیشن کو احساس ہوچکا ہے کہ این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن جماعتیں اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اداروں کو متنازع بنا رہی ہیں، لیکن حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔وفاقی کابینہ نے سیاسی معاملات دیکھنے کے لے وزرا پر مشتمل سیاسی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی جو نوازشریف کی واپسی، اپوزیشن، پی ڈی ایم کے معاملات دیکھے گی، کمیٹی میں فواد چودھری، اسد عمر، شیخ رشید، شفقت محمود، بابر اعوان، شہزاد اکبر شامل ہیں۔ ذرئع کے مطابق کمیٹی نوازشریف کی واپسی سمیت تمام آئینی، قانونی امور کی ذمہ دار ہو گی، سیاسی کمیٹی کو تمام سیاسی اہداف سونپ دیئے گئے،

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی گئی ، وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو اپوزیشن کے بیانیہ پر حکومتی نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ن لیگی قیادت کی طرف سے متنازع بیانات کے معاملے کو بھی زیر غور لایا گیا۔ کابینہ اراکین نے کہا کہ ن لیگی راہنما غلطی تسلیم کرنے کی بجائے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں، ن لیگ کے کرمنلز لوگوں کو کرمنلز کی طرح ہی ڈیل کیا جائے ۔ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری اور مریم نواز کی پریس کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، کابینہ ارکین نے کہا کہ اپوزیشن ابو بچاو مہم میں مصروف ہے۔ وفاقی کابینہ نے متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دیدی ۔ جبکہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے23 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں