39

اسرائیلی بمباری کا شکار بچہ شدید صدمے میں مبتلا! ویڈیو نے دل دہلا دئیے

غزہ : (الشامی نیوز آن لائن نیوز) فلسطین پر جاری اسرائیلی بمباری اور خونریزی نے بچوں کی دماغی صحت کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا، شدید صدمے میں مبتلا فلسطینی بچے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کی آنکھیں نم کردی۔

مقبوضہ فلسطین پر غاضب صیہونی ریاست اسرائیل کی بمباری سے ہر طرف دھماکے اور خونریزی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بچے خوف اور دہشت کے عالم میں جینے پر مجبور ہیں۔

صیہونی فورسز کے حملے جہاں فلسطینیوں کو مالی و جسمانی طور پر نقصان پہنچا رہے ہیں وہیں مظلوم شہریوں کی دماغی صحت کو بھی متاثر کررہے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے بلاگر عدنان برق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بچے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں معصوم بچہ دھماکوں کے بعد شدید صدمے میں مبتلانظر آرہا ہے۔

فلسطینی بلاگر عدنان برق نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ بچہ خوف کے مارے آنکھیں ہی بند نہیں کرپارہا، اگر یہ موت سے بچ بھی گیا تو صدمے باہر نہیں آسکے گا۔

بلاگر کا مزید کہنا تھا کہ رواں ماہ ذہنی صحت سے آگاہی کا مہینہ ہے لیکن کوئی بھی غزہ کے لوگوں کی ذہنی حالت پر بات نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ غاصب ریاست اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں اب تک 213 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 1442 زخمی اور 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں