115

ہماری فوج آئین کی پاسداری کرے تو دنیا کی بہترین فوج ہوگی، نواز شریف

لاہور ( الشامی نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دل و جان سے ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی، تاکہ اپنی فوج کو دنیا کی بہترین فوج بنا سکیں، مگریہ دنیا کی بہترین فوج تب بنے گی جب یہ آئین کی پاسداری کرے۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹیرینز اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئےسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مجھے مکھن سے بال کی طرح نکال کر باہر پھینک دیا گیا، اس ملک میں آئین کے مطابق نہ ہی پارلیمنٹ کو چلنے دیا جاتا ہے اور نہ ہی عدلیہ کو، مجھے خوشی ہے کہ فوج کا بڑا حصہ آئین کی پاسدار ی کرتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر پرویز مشرف ملک میں مارشل نہ لگاتے اور مجھے ملک سے باہر نہ بھیجتے تو میں کیوں اقامہ لیتا، وہاں رہنے کیلئے اقامہ لینا ضروری تھا، میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی مجھے اس پر نااہل کردیا گیا، ذرا مجھے بتایا جائے عمران خان سے بنی گالہ کی منی ٹریل کب لی جائے گی؟ ۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بشیر میمن نے ان کی کرتوتوں کو بے نقاب کردیا ، انہوں نے نیب اور احتساب کے عمل کی اصل حقیقت کھول کر بیان کردی ہے، اب انہوں نے پنجاب کی حالت بدلنے والے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے، 50 لاکھ گھر دیں کوئی مجھے بتائے کسی کو ایک گھر بھی ملا ہے؟ ہمارے دور میں روپے کی قدر صرف 4 روپے گری جبکہ عمران خان کے ڈھائی سالہ دور حکومت میں 65 روپے ڈالر مہنگا ہوگیا ہے، کسی کو اندازہ ہے کہ پاکستان کا کیا حشر ہورہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہم فیصلہ کن دور سے گزر رہے ہیں، 70 سالہ ملکی تاریخ میں کسی نے مسائل کی جڑ پر بات نہیں کی ، اگر ہم آج اس پر بات نہیں کریں گے تو ہم بھی ذمہ دار ہوں گے، بحیثیت ایک پاکستانی کے میرا فرض ہے میں مسائل کی نشاندہی کروں، اپوزیشن کی اے پی سی میں میری تقریر میں میں نے انہیں بنیادی مسائل پر بات کی تھی۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں نواز شریف نے موجودہ حکومت اور ریاستی اداروں کے سیاسی کردار سے متعلق سخت تقریر  میں متنازعہ گفتگو کی تھی جس کے بعد حکومت نے نواز شریف کی تقاریر کو ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی

لاہور میں پارلیمنٹرینز کو ٹکٹ ہولڈر کی تقریب سے خطاب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں