76

گلگت کی انتخابی مہم میں مصروف قمر زمان کائرہ، کیپٹن(ر) صفدر کورونا سے متاثر

دوناں رہنما انتخابی مہم کے سلسلے میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں تھے—تصویر: فیس بک
دوناں رہنما انتخابی مہم کے سلسلے میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں تھے—تصویر: فیس بک

اسلام آباد (الشامی نیوز) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی دیکھی جارہی، وائرس سے مختلف سیاستدان اور وزرا بھی متاثر ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے کیپٹن (ر) محمد صفدر کورونا وائرس کا تازہ شکار بنے۔

قمر زمان کائرہ انتخابی مہم میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے اور کئی مواقعوں پر انہوں نے بلاول بھٹو کی گاڑی بھی چلائی۔

ادھر کیپٹن (ر) صفدر بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں مریم نواز کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے اور 2 روز قبل اسلام آباد واپس آئے تھے جہاں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کل رات کو لاہور پہنچے تھے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کورونا وائرس کا ایک ٹیسٹ گلگت بلتستان اور دوسرا اسلام آباد میں کروایا اور دونوں ٹیسٹس کے نتائج مثبت آئے وائرس کی تشخیص کے بعد وہ انتخابی مہم چھوڑ کر واپس آگئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا۔

کیپٹن (ر) صفدر کو اسکردو انتخابی مہم کے دوران بخار اور نزلے کی شکایت ہوئی تھی جس پر اسلام آباد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔

ان پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت پر کیپٹن (ر) صفدر کو شریف میڈیکل سٹی ہسپتال کے شعبہ انتہائی نگداشت میں داخل ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ دیگر ٹیسٹس اور علاج جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے قمر زمان کائرہ کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قمر زمان کائرہ پارٹی کا بڑ اثاثہ ہیں جو کووِڈ 19 کا شکار ہوگئے ہیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ قمر زمان کائرہ گزشتہ 16 دنوں سے ہمارے پارٹی چیئرمین کے ہمراہ انتخابی مہم چلا رہے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سیاستدانوں میں وائرس کا پہلا شکار پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی بنے تھے جن کے بعد متعدد سیاستدان، وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر عہدیداران اس کا شکار بن چکے

حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار بنے تھے اور گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو معروف شخصیات وائرس کا شکار بنیں ان میں اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال اور دیگر وائرس کا شکار بنے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ، اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں