60

کورونا کیسزمیں اضافہ ، پنجاب کے متعددمقامات پرمائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا کیسزمیں اضافہ ، پنجاب کے متعددمقامات پرمائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

لاہور : (الشامی نیوز) پنجاب میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ، پنجاب حکومت نے متعدد مقامات مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت سیل کردیے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کی آمد ، پنجاب بھرمیں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے  جس کے بعد  پنجاب حکومت نے صوبہ کے 830 مقامات کو سیل کر دیا ہے ۔  ان 830 مقامات میں 3 ہزار 332 افراد رہائش پذیر ہیں جن میں 1 ہزار 416 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں ۔ سب سے زیادہ لاہورکے 435 مقامات سیل کیے گئے، اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع بہاولپورمیں 37 مقامات ، بھکر 35، چینوٹ کے 7 مقام مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کیے گئے ۔ ڈیرہ غازی خان کے 17، فیصل آباد میں 34اور گوجرانوالہ میں 14، گجرات کے 29، جہلم میں 8، قصور میں 3مقامات میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ۔ ملتان کے 44 مقامات ، راولپنڈی کے 47،ساہیوال کے 16، سرگودھا کے 24 مقامات کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کیا گیاہے ۔ سیل ہونے والے مقامات کے مکین 14 دن گھروں میں قرنطینہ کریں گے۔یاد رہے کہ پنجاب  میں اب تک کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 4ہزار 554 ہوگئی  ہے  جبکہ 2 ہزار 365افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔28 اکتوبر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے لیے گائیڈ لائینز جاری کی تھیں ، جس میں عوامی اور رش والے مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قراردیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں بھی دفتری اوقات کار میں فیس ماسک لازمی قراردیا گیا ۔ این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک کے 11 بڑے شہروں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں 80 فیصد کورونا کیسز ان شہروں سے رپورٹ ہوئے، جن میں کوئٹہ ، لاہور، راولپنڈی ، ملتان، پشاور، اسلام آباد، حیدر آباد، میر پور، کراچی، گلگت اور مظفر آباد شامل ہے ۔ اس کے تحت ملک کے 4374 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 12 افراد چل بسے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 835 ہوگئی ہے ۔ ملک میں‌ اب تک کورونا کے3 لاکھ 35ہزار 093 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں