25

کراچی میں قیامت خیز گرمی ، پارہ 43 ڈگری کو چھوگیا

ویب ڈیسک 17 مئی 2021

کراچی :(الشامی نیوز) شہر قائد میں درجہ حرارت43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل تک گرمی برقرار رہے گی ، گزشتہ رات ماہ مئی کی دوسری گرم ترین رات تھی۔

تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ‘تاؤتے’ کے کراچی کے موسم پر اثرات ظاہر ہونے لگے ، شہر کا درجہ حرارت43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا ، سمندری ہوائیں معطل ہیں اورہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم ہوکر19فیصدرہ گیا ہے۔

شہرمیں بلوچستان کی گرم ہوائیں25 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہیں ، آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ سکتاہے جبکہ کراچی میں کل تک گرمی برقرار رہے گی۔

گزشتہ رات بھی ماہ مئی کی دوسری گرم ترین رات تھی ، گزشتہ رات پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، اس سےقبل8مئی 2015 کو درجہ حرارت34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سےدورہوکرگزرے گا، طوفان دور ہونے کے باعث بارش کا امکان ختم ہوگیا ہے جبکہ تاؤتے کے زیراثر تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین میں طوفانی بارش کے امکانات ہے ، ان علاقوں میں30 سے 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہے۔

یاد رہے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ تاؤتے طوفان کا رخ 15 کلومیٹر کی رفتار سے شمال کی طرف ہوگیا ہے اور طوفان کراچی کےجنوب اور جنوب مشرق سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے امکانات ہیں ، طوفان 17 مئی کی رات کو بھارتی گجرات کو پار کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں