59

کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری پیپرا رولز سے مستثنیٰ قرار دے دی

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کو پیپرا رولز سے مستثنیٰ قرار دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں متعدد امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تقرری، پاکستان ایکسپو سینٹرز کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اور فش پراسیسنگ پلانٹس کی رجسٹریشن سے متعلق انسپکشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے 17 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق اور نوشہرہ میں ریلوے اور وزارت دفاع کے درمیان کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کا معاملہ موخر کردیا۔

کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے پیپرا رولز سے استثنیٰ اور کورونا ویکسین کے حصول کے لیے ڈیوٹی چھوٹ کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران کابینہ نے مچھ حملے اور اسامہ ستی کے معاملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مچھ متاثرین سے ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ شیخ رشید نے بلوچستان میں ایف سی کے شہید اہلکاروں، اسلام آباد میں جاں بحق ہونے والے اسامہ ستّی اور سانحہ مچھ کے شہدا کے لئے دعا کروائی، بابر اعوان نے اسامہ کے والدین کا مؤقف کابینہ میں پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسامہ ستی کے معاملے پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مچھ حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں