42

پب جی گیم نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

جڑانوالہ: ( الشامی نیوز ) صوبہ پنجاب کے ضلع جڑانوالہ میں پب جی گیم کھیلنے والا نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، کاشف کو ذہنی توازن بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

الشامی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جڑانوالہ تھانہ سٹی کی حدود اسلام پورہ میں پب جی گیم نوجوان کی جان لے گیا، کاشف چھ ماہ سے پب جی کھیل رہا تھا ، گیم کی آخری اسٹیج ہارنے پر مبینہ طور پر ذہنی مریض بن گیا تھا۔

نوجوان کو حالت غیر ہونے پر طبی امداد کےلیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچایا گیا بعدازاں حالت نازک ہونے پر فیصل آباد ریفر کردیا گیا تھا جہاں آج وہ دم توڑ گیا، نوجوان بیٹے کے انتقال پر والدین شدت غم سے نڈھال ہیں۔

تحیصل ہیڈ کوارٹر اسپتال جڑانوالا کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ذیشان کا کہنا تھا کہ کاشف نامی نوجوان کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، نوجوان گیم ہارنے سےذہنی دباؤ کا شکار ہوا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی لاہور میں 18 سالہ نوجوان نے پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ شہریار ہر وقت پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اس نے خودکشی کرلی۔

خیال رہے کہ لاہور میں اس سے قبل بھی تین نوجوان پب جی گیم کی وجہ سے خودکشی کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں