49

حرمت رسولﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب کے احترام کرنے کی ضرورت ہے اعجاز احمد شاہ وفاقی وزیر داخلہ

ایازصادق کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کی لوگوں نےدرخواستیں دیں،اعجازشاہ

ننکانہ صاحب (الشامی نیوز) حرمت رسولﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب کے احترام کرنے کی ضرورت ہے

وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایاز صادق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی لوگوں نے درخواستیں دی ہیں جنہیں  قانونی مشاورت کے لیے بھیجا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ننکانہ صاحب میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، کوئی بھی اپنا عقیدہ دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ دشمن طاقتیں ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتی ہیں، فرقہ واریت کی وجہ سےشام اور مصر کا حال ہمارے سامنے ہے اور اسی لیے سب کو برداشت کرنے کی ضرورت ہے۔

ننکانہ صاحب میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل افسوس ہے، مغرب میں اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری کی جاری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری امت مسلمہ کے دل دکھی ہیں جبکہ عمران خان اور طیب اردگان نے حرمت رسولﷺ کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حرمت رسولﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب کے احترام کرنے کی ضرورت ہے۔

اعجاز احمد شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان سے متعلق کہا کہ عمران خان کی کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے رہنماء کی طرف سے آرمی چیف پر الزام تراشی کی گئی، اپوزیشن کے شور شرابے کا واحد مقصد لوٹی ہوئی دولت بچانا ہے۔

اپنے خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ حکومتی دشمنی میں سیاسی جماعتیں حد پار کر گئی ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ ریاست قوم کی ماں ہوتی ہے جبکہ حکومت بائیس کروڑ عوام کی ماں ہوتی ہے۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہر پاکستانی پاک فوج سے محبت کرتا ہے اور اللّہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کی حفاظت کرے جبکہ پاک فوج کے خلاف بولنے والوں کو بھارت چلے جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نےاپنے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے ہماری فوج اور ابھی نندن سے متعلق بہت غلط بات کی ہے۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ایک ایک فوجی کے گھر میں تین تین شہید ہیں جبکہ ملک سے باہر بیٹھ کر پاک فوج کے سپہ سالار پر الزمات لگائے گئے اور میں قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ ساری باتیں لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے کی گئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کا بیانیہ آپ کے سامنے ہے۔ اعجاز احمد شاہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف بھی جلد پاکستان آئیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عالمی وبا سے متعلق کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی شرح اوپر جا رہی ہے، لوگوں کو چاہیے احتیاط کریں اور ایس او پیز پر عمل کریں کیونکہ اگر کورونا وائرس کی شرح بڑھی تو لاک ڈاؤن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں