64

ترین گروپ کا آج ہونےوالا اہم اجلاس مؤخر

پاکستان تحریک انصاف جہانگیرترین گروپ آج ہونے والا اہم اجلاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔ آئندہ اجلاس کل صوبائی وزیراجمل چیمہ کی رہائشگاہ پرہوگا جس کی صدارت جہانگیرترین کریں گے۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ہونے والی ملاقات اورآئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  فواد چوہدری کیساتھ ملاقات میں تحریک انصاف نظریاتی گروپ نے مطالبات منظور ہونے کی ضمانت مانگی ہے۔ گلے، شکوے، مطالبات اور بردباری کے مشوروں کے ساتھ طنزیہ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے وفاقی وزیر کو وزیراعلیٰ کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے بارے میں آگاہ کیا۔یہ یقین بھی دلایا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

فواد چوہدری نے سعید اکبر نوانی کو مخاطب کرتے ہوئے طنز کیا کہ آپ نے سارے جٹ اکٹھے کر لیے۔ اس پر زور دار قہقمہ لگا۔

اجمل چیمہ نے جواب دیا دھماکہ ہونا ہی ایسے تھا، آپ کون سا کسی کمزور کی سنتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے نذیر چوہان  سے کہا چوہان صاحب! آپ نے بمباری بہت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیرترین گروپ نے مطالبہ کیا کہ فیصل واوڈا جیسے وزرا کو بیان بازی سے روکیں، باتیں ہمیں بھی بہت آتی ہیں۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کے مسائل سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عامر کیانی اور سیف اللہ نیازی پنجاب کے معاملات پر نظر رکھیں گے، تلخ جملوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں