87

ایئر پورٹ پر مسافروں کو پروٹوکول دینے والے ملازمین اب بچ نہیں پائیں گے

لاہور : (الشامی نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں کوپروٹوکول دینے کی پابندی کے باوجود کچھ اہلکار مسافروں کو پروٹوکول دے رہے ہیں جن کیخلاف سی اے اے نے ایکشن لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو پروٹوکول دینے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ائیرپورٹ نے مذکورہ ملازمین کے لئے وارننگ  جاری کردی ہے۔ سی او او لاہور ائیرپورٹ اختر مرزا کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود کچھ اہلکار مسافروں کو پروٹوکول دے رہے ہیں جو کہ خلاف قانون ہے۔

لاہور ائیرپورٹ مینجر نے بتایا کہ بعض سی اے اے اہلکار چھٹی والے دن بھی ائیرپورٹ آکر کچھ مسافروں کو خصوصی پروٹوکول دیتے ہیں، اس عمل کا نوٹس لیتے ہوئے سی اے اے اہلکاروں پر چھٹی والے دن ائیرپورٹ انٹری پاس کے استعمال پر پابندی لگائی جارہی ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ ٹرمینل مینجر کی اجازت کے بغیر کوئی سی اے اے اہلکار کسی مسافر کو پروٹوکول دیتا ہوا پکڑا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے سی اے اے اہلکار کا ائیرپورٹ انٹری کارڈ ضبط کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وبا کے دوران ائیرپورٹس پر ہر طرح کے پروٹوکول پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں