43

، ڈیل سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، آرمی چیف نے واضح کہا ہے کہ فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید

اسلام آباد: (الشامی نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا، بحری اور فضائی اداروں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا، اپوزیشن لیڈر کے باہر جانے سے کیس متاثر ہوتا، جانے کی اجازت دی گئی تو یہ سلطانی گواہوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، نواز شریف واپس نہیں آئے تو چھوٹے بھائی نے کہاں آنا تھا، انصا ف کا تقاضا ہے سب ملزموں سے ایک جیسا سلوک ہو۔

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے بیرون ملک جانے سے کیس متاثر ہوتا ہے، لیگی رہنما کو اگر اجازت دی گئی تو واپس لانا مشکل ہوگا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے مفرور اور لندن میں بیٹھے ہیں، شہباز شریف نے نواز شریف کو لانے کے بجائے خود بھاگنے کی کوشش کی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ضمانت دی تھی کہ نواز شریف کو واپس لائیں گے، اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو کوئی میڈیکل دستاویز جمع نہیں کرائیں، جس روز عدالتی فیصلہ آیا شہباز شریف نے اسی دن ٹکٹ بک کرایا، شہباز شریف کیخلاف کیس میں 4 افراد وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، اپوزیشن لیڈر چاہیں تو 15 دن میں درخواست دائر کرسکتے ہیں، ڈیل سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، آرمی چیف نے واضح کہا ہے کہ فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ غزہ کی صورتحال پر پورا عالم اسلام غمزدہ ہے، فلسطین کی صورتحال پر قومی اسمبلی میں قرارداد لائی جائے گی، سیکیورٹی کونسل اجلاس بلانے کیلئے چین نے اہم کردار ادا کیا، عمران خان کامیاب ہوں گے اور ملک کو بحران سے نکالیں گے۔

 قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی۔

فواد چودھری نے کہا کہ قانونی ضابطے مکمل ہونے پر نون لیگ کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال کر متعلقہ ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

ادھر وفاقی حکومت کی جانب سے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اپوزیشن لیڈر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں